بھکر / منکیرہ(ایچ آراین ڈبلیو) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر شہزاد رفیق اعوان نے محرم الحرام کے سلسلے میں منکیرہ میں مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او بھکر نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور تجاویز سنی اور باہمی تعاون کے ذریعے پرامن ماحول کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے جلوس روٹ کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ عزاداران کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او بھکر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
بھکر پولیس کے مطابق محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے اور امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔


