سیالکوٹ(ایچ آراین ڈبلیو) سیالکوٹ اور اس کے گردونواح کے مختلف علاقوں میں پی ٹی سی ایل اور دیگر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نیٹ ورک کی کارکردگی میں نمایاں خرابی کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کے مطابق گزشتہ کئی روز سے انٹرنیٹ سروس غیر معمولی طور پر سست روی کا شکار ہے، جبکہ کمپنیوں کی جانب سے ماہانہ، ہفتہ وار اور روزانہ پیکجز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بھاری بلوں اور مہنگے پیکجز کے باوجود انہیں معیاری انٹرنیٹ سروس فراہم نہیں کی جا رہی، جس کے باعث آن لائن کاروبار، فری لانسرز، طلبہ اور دفتری امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ سست رفتار انٹرنیٹ کی وجہ سے روزمرہ کے کاموں میں تاخیر اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ کئی اہم آن لائن سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
شہری حلقوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA)، پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی بہتری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


