مردان(ایچ آراین ڈبلیو)خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں ساتویں جماعت کی طالبہ کو اسکول جاتے ہوئے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر مردان کے علاقے شیر گڑھ میں ساتویں جماعت کی طالبہ کو اسکول جاتے ہوئے اغوا اور بعد ازاں زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔حکام نے بتایا کہ متاثرہ طالبہ کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ اسکول جا رہی تھی، واقعے کی ایف آئی آر فوری طور پر مقامی تھانے میں درج کرائی گئی جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا۔
متاثرہ طالبہ نے عدالت میں دفعہ 164 کے تحت اپنا قانونی بیان ریکارڈ کروا دیا ہے، جس میں انکشاف کیا ہے کہ اسے تین ملزمان نے اسکول جاتے ہوئے راستے سے اغوا کیا، جس کے بعد ایک ملزم نے اسے سات دن تک حبسِ بیجا میں قید رکھا اور مبینہ طور پر اپنی درندگی اور زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔
ایس پی صدر روشن زادہ نے میڈیا کو کیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے فوری اور موثر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم اور ایک دیگر مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی ہے۔
ایس پی صدر کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی سائنسی اور قانونی خطوط پر تفتیش جاری ہے تاکہ تمام شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کو عدالت سے سخت ترین سزا دلوائی جا سکے۔


