16

شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل : آنے والی بارات میں ہوائی فائرنگ سے دولہے کا بھائی جاں بحق

ڈگری(ایچ آراین ڈبلیو) مقامی ہال میں جھڈو سے آنے والی بارات میں ہوائی فائرنگ سے دولہے کا بھائی جاں بحق ہوگیا تاہم پولیس نے فائرنگ کرنے والے باراتی کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ڈگری میں شادی کی خوشیاں اس وقت یکسر ماتم میں تبدیل ہو گئیں، جب ایک مقامی میرج ہال میں آئی ہوئی بارات میں کی جانے والی اندھا دھند ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں دولہے کا سگا بھائی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق بارات جھڈو سے ڈگری کے ایک مقامی ہال میں آئی تھی جہاں روایت کے برعکس قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے باراتیوں کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی دولہے کے بھائی کو جا لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال پہنچنے سے قبل راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

اسپتال انتطامیہ نے نوجوان کی لاش کا معائنہ کرنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے فوری ایکشن لیا اور میرج ہال میں کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے ایک باراتی کو موقع سے گرفتار کر کے اسلحہ تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور قانون ہاتھ میں لینے والے دیگر افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں