حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے حوالے سے پولیس ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
یہ اجلاس ایس ایس پی حیدرآباد Shahzaib Chachar کی ہدایات پر ایس پی ہیڈکوارٹر Zain Raza Baloch کی زیر صدارت ہوا، جس میں ضلع بھر کے ٹریفک ڈی ایس پیز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر کے ٹریفک مسائل، قوانین پر عملدرآمد اور خصوصاً محرم الحرام سے قبل ٹریفک کی بہتر روانی کے لیے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جن کے حل کے لیے فوری ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ بغیر نمبر پلیٹ، بغیر فرنٹ و بیک لائٹس، بغیر انڈیکیٹرز اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی موٹرسائیکلوں کے خلاف مہم مزید سخت اور مؤثر بنائی جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ تھانوں کے تعاون سے بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں کم عمر بچوں کی موٹر سائیکل رائیڈنگ اور ریسنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔


