ڈی جی خان(ایچ آراین ڈبلیو) شاہ صدر دین پر نرسنگ کی طالبہ کو سرِعام قتل کردیا گیا اور ملزم نے لڑکی کی جان لینے کے بعد خودکشی کر لی۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان کے تھانہ شاہ صدر دین کی حدود میں اڈا میاں ابراہیم (ملتان اڈا) پر قتل اور خودکشی کی خوفناک واردات پیش آئی۔
پولیس نے بتایا کہ ایک نوجوان نے نرسنگ اسکول کی طالبہ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور بعد میں خود کو بھی گولی مار لی۔
حکام کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی تفصیلات میں کہا گیا کہ نرسنگ اسکول کی ایک طالبہ شاہ صدر دین کے ملتان اڈا پر گھر جانے کے لیے گاڑی کے انتظار میں کھڑی تھی کہ اسی دوران ملزم تنویر وہاں پہنچا اور اس نے اچانک طالبہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے کے باعث نرسنگ کی طالبہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
واقعے کے وقت وہاں موجود ایک شہری نے بہادری دکھاتے ہوئے لڑکی کو بچانے کی کوشش کی تاہم مقتولہ کو ملزم کے وار سے بچانے کے لیے آگے بڑھنے والا ایک نوجوان ملزم کی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔
طالبہ کی جان لینے کے فوراً بعد ملزم تنویر نے اسی ہتھیار سے خود پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
شہر کے مصروف اڈے پر فائرنگ کی آواز سنتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ایس ایچ او شاہ صدر دین اور تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس نے مقتولہ اور ملزم تنویر کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی جی خان کے ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان ریاض کو فوری طبی امداد کے لیے ٹروما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔


