10

پانی اور بجلی کے حق میں آواز بلند کرنے پر نوجوان کی گرفتاری، سیاسی و سماجی حلقوں کی مذمت

خضدار(ایچ آراین ڈبلیو)خضدار میں مبینہ طور پر پانی اور بجلی جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھانے پر ایک نوجوان کی گرفتاری کے خلاف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق نوجوان گزشتہ تین روز سے زیرِ حراست ہے، جس پر علاقے میں تشویش اور بے چینی پائی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پانی اور بجلی کی فراہمی کا مطالبہ ایک بنیادی حق ہے اور اسے جرم قرار دینا ناقابلِ قبول ہے۔

سیاسی و سماجی رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اگر عوام اپنے بچوں کے لیے پانی، گھروں کے لیے بجلی اور علاقوں کی ترقی کا مطالبہ کریں اور اس کے جواب میں گرفتاریوں اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑے تو یہ صورتحال کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ خضدار کے عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر بنیادی سہولیات کا مطالبہ کب سے جرم بن گیا ہے۔ رہنماؤں کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے بجائے آواز بلند کرنے والوں کو نشانہ بنانا حکومتی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔

عوامی حلقوں نے واضح کیا ہے کہ گرفتاریوں اور دباؤ سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ان کے مطابق پانی، بجلی، روزگار اور بنیادی سہولیات ہر شہری کا آئینی و انسانی حق ہیں، اور ان حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں