24

وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی کی جرات کو سلام، وزیراعلیٰ بلوچستان کا سول ایوارڈ دینے کا اعلان

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پیش آنے والے تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے کے دوران لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کی جان بچانے کے لیے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرنے والے وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی کے لیے سول ایوارڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق عبدالرزاق ترکئی نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر فوری طور پر زخمی ڈاکٹر کی مدد کی اور انسان دوستی، بہادری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کی شاندار مثال قائم کی۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ایسے فرض شناس اور بہادر افراد پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی خدمات کو قومی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی کا عمل آئندہ بھی جاری رکھے گی، تاکہ معاشرے میں ایثار، ہمدردی اور ذمہ داری کے جذبے کو تقویت ملے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں ایک شخص نے لیڈی ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں بہتر علاج کی غرض سے پہلے نجی اسپتال اور بعد ازاں ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے بعد صوبے بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ عبدالرزاق ترکئی کی بروقت کارروائی کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں