15

گلگت بلتستان میں عام انتخابات، 24 نشستوں پر پولنگ جاری، ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں کانٹے کا مقابلہ

گلگت(ایچ آراین ڈبلیو)گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں 24 نشستوں پر سخت مقابلے کی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے 23، مسلم لیگ (ن) کے 22، جمعیت علمائے اسلام کے 9، اسلامی تحریک پاکستان کے 10، مجلس وحدت المسلمین کے 7، استحکام پاکستان پارٹی کے 15 اور پاکستان نظریاتی پارٹی کے 10 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

انتخابات میں 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 3 ہزار 772 جبکہ خواتین ووٹرز 4 لاکھ 55 ہزار 708 ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 1391 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 349 کو حساس اور 551 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے لیے 17 ہزار 500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق شفاف اور پرامن انتخابات کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کے دوران کہا کہ پولنگ کا عمل پرامن طور پر جاری ہے، جبکہ عوام کی بڑی تعداد خاص طور پر خواتین پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ کاسٹ کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں