موسیٰ خیل(ایچ آراین ڈبلیو)موسیٰ خیل شہر کے علاقے ڈاکٹر گلی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں مقامی صحافی لالا اسرافیل جاں بحق ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے دوران مسلح افراد نے لالا اسرافیل کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
واقعے کے بعد صحافی برادری اور مختلف سماجی حلقوں نے شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ علاقے میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے، جبکہ شہریوں نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔


