17

حوالات کی نگرانی پر مامور اہلکار خود حوالات میں بند

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) ملزمان سے ملاقات کروانے کے عوض غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے پر پولیس اہلکار اسماعیل کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم اہلکار کے خلاف کاہنہ کے تھانے میں مقدمہ نمبر 4490/26 بھکاری ایکٹ اور بدعنوانی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق گرفتار اہلکار کو قانونی کارروائی کے بعد اپنے ہی تھانے کی حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا کہ پولیس وردی کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرنے والوں کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ شہریوں سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے والے اہلکاروں کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور وردی کی عزت پر حرف لانے والے عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایماندار افسران اور اہلکار محکمہ پولیس کا فخر ہیں، جبکہ کرپٹ عناصر کو قانون اور احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں