اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بیوٹی پارلرز، سکن کلینکس اور ہیلتھ کلبز کے سامان اور مشینری پر ٹیکس میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کے مطابق کسٹم کے نوٹیفکیشن 1151 اور 1152 میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں میک اپ کے امپورٹڈ سامان پر ڈیوٹی 44 فیصد سے کم کر کے 40 فیصد کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بیوٹی پارلرز کے خام مال پر بھی یہی شرح لاگو ہو سکتی ہے۔
اسی طرح بیوٹی پارلرز کے لیے امپورٹڈ سن بلاک اور سن اسکرین پر ڈیوٹی 44 فیصد سے کم کر کے 40 فیصد کیے جانے کی تجویز ہے۔ بالوں کی دیکھ بھال سے متعلق خام مال پر بھی ڈیوٹی میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مردانہ سیلونز کے لیے شیونگ کریم اور آفٹر شیو لوشن پر ڈیوٹی 40 فیصد سے کم کر کے 35 فیصد تک لانے کی تجویز ہے، جبکہ فیس واش، صابن اور دیگر بیوٹی مصنوعات پر بھی ڈیوٹی کم ہو سکتی ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد کی نگہداشت اور چہرے کی بیوٹی پروڈکٹس پر بھی ٹیکس میں کمی کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ آئندہ بجٹ میں کیا جائے گا۔


