سکھر(ایچ آراین ڈبلیو)سکھر کے علاقے روہڑی میں وار مبارک درگاہ کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد دریائے سندھ میں ڈوبنے والے بچوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران تینوں بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 5 سالہ علی حیدر، 8 سالہ آیت اور 10 سالہ آفتاب علی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز واقعے کے فوراً بعد مقامی غوطہ خوروں نے 10 سالہ آفتاب علی کی لاش نکال لی تھی، تاہم رات کے وقت اندھیرے کے باعث آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
بعد ازاں صبح دوبارہ سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران پہلے علی حیدر اور پھر آیت کی لاش بھی برآمد کر لی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا ہے۔


