لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب بھر میں 8 سے 11 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف شہروں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 8 سے 10 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
اسی طرح 8 سے 11 جون کے دوران لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور جھنگ میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن اور رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 8 سے 11 جون کے دوران راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، بھکر اور کوٹ ادو میں بھی درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔


