14

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کا نادرا سنٹر پر چھاپہ، متعدد اہلکار گرفتار

چارسدہ(ایچ آراین ڈبلیو)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے نادرا سنٹر چارسدہ پر چھاپہ مار کر نادرا کے متعدد اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور رانا شاہد حبیب کی ہدایت پر کی گئی، جبکہ چھاپہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالقیوم کی نگرانی میں مارا گیا۔

کارروائی کے دوران غیر ملکیوں اور افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا وقار احمد، عطاء اللہ جان، احمد رضا اور سجاد علی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اہم دستاویزات اور دیگر شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔ گرفتار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ وقار احمد خان متعدد دیگر مقدمات اور انکوائریوں میں بھی زیرِ تفتیش ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں، اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں