بنوں(ایچ آراین ڈبلیو)بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 خارجی دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ آپریشن میں ایک اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق تھانہ میریان کی حدود میں صبح سویرے پولیس اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور نگرانی کے نظام کا استعمال کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 10 کلو گرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔


