کوٹری(ایچ آراین ڈبلیو)کوٹری میں کوٹری مال مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی صحت، صفائی ستھرائی اور ویکسینیشن کے انتظامات کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے ویٹرنری کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدامات ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں، جن کے تحت متعلقہ افسران نے منڈی کا تفصیلی دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر ذوالفقار علی سیال نے اسسٹنٹ مختیارکار پرویز احمد کوریجو کے ہمراہ مختلف چھوٹے اور بڑے جانوروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بعض جانور مختلف بیماریوں میں مبتلا پائے گئے جنہیں فوری طور پر دیگر جانوروں سے الگ کر دیا گیا تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
افسران نے مویشی پال حضرات اور شہریوں کو ہدایت کی کہ قربانی کے جانور خریدنے سے قبل محکمہ لائیو اسٹاک کے ویٹرنری کیمپ سے ان کا طبی معائنہ ضرور کروائیں تاکہ صحت مند اور بیماریوں سے پاک جانوروں کی خریداری یقینی بنائی جا سکے۔
اسسٹنٹ مختیارکار نے مویشی منڈی انتظامیہ کو صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات برقرار رکھنے اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کیں۔
ڈاکٹر ذوالفقار علی سیال کے مطابق منڈی میں ویٹرنری کیمپ صبح اور شام دو شفٹوں میں کام کر رہا ہے جہاں ڈاکٹروں اور عملے کی جانب سے جانوروں کے معائنے، علاج اور ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دورے کے دوران فوکل پرسن ڈاکٹر ریاض احمد چنا، ڈاکٹر پردیپ کمار، ڈاکٹر غلام نبی سمیت ریونیو اور میونسپل عملہ بھی موجود تھا۔


