حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پروقار تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آفس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا۔ اس کے بعد زین العابدین میمن کی قیادت میں ایک ریلی بھی نکالی گئی۔
تقریب میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اہلکاروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاک چین دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام، تعاون اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ایک اہم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاک چین دوستی کو مزید فروغ دینے اور اس تاریخی تعلق کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔


