کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں تفتیشی ٹیم تھانہ جیکسن نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع لاڑکانہ میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران مغوی خاتون اور اس کے کمسن بیٹے کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی مسرور احمد جتوئی کے مطابق بازیاب ہونے والی خاتون کی شناخت کرن عرف نسرین زوجہ اشرف کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے تین سالہ بیٹے سبحان کے ہمراہ کیماڑی کے علاقے سے لاپتہ ہو گئی تھیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ 2 مارچ کو تھانہ جیکسن میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد مغویوں کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم کی قیادت ایس آئی او تھانہ جیکسن انسپکٹر زبیر نواز نے کی، جنہوں نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے لاڑکانہ میں آپریشن کیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران نامزد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔
ایس ایس پی مسرور احمد جتوئی نے کہا کہ پولیس شہریوں کی حفاظت اور مغویوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کیس کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔


