جیکب آباد(ایچ آراین ڈبلیو)جیکب آباد کے گوٹھ محمد صدیق آرائیں میں 5 مئی کو پیش آنے والے ہولناک واقعے میں مسلح افراد نے درجنوں گھروں کو آگ لگا کر راکھ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حملہ آور جدید اسلحے سے لیس تھے اور فائرنگ کرتے ہوئے علاقے میں خوف و ہراس پھیلاتے رہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔
فیضان علی، ایس ایس پی جیکب آباد کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گوٹھ صدیق آرائیں اور گوٹھ غازی خان چنہ کے دو افراد نے حیدرآباد کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی، جس پر مبینہ طور پر ملزمان نے بطور ردعمل پورے گوٹھ کو آگ لگا دی۔
پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ 12 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔


