اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان میں طویل عرصے بعد بین الاقوامی ہاکی کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جنوبی کوریا کو 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان مدعو کر لیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجوزہ سیریز کے حوالے سے ابتدائی بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی خواہش ہے کہ یہ سیریز جولائی کے آخری ہفتے میں پاکستان میں کھیلی جائے، جس سے ملک میں بین الاقوامی ہاکی کی واپسی ممکن ہو سکے گی۔
ذرائع کے مطابق سیریز کے شیڈول اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جبکہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
یہ پیشرفت پاکستان میں ہاکی کے بین الاقوامی دروازے دوبارہ کھلنے کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔


