رحیم یار خان(ایچ آراین ڈبلیو)رحیم یار خان میں گزشتہ شام آنے والی شدید آندھی اور طوفان کے بعد پنجاب حکومت کے “گرین بس اسٹاپ” منصوبے میں مبینہ کرپشن اور ناقص تعمیرات کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عوامی سہولت کے لیے نصب کیے گئے بس اسٹاپس مبینہ طور پر غیر معیاری میٹریل اور ناقص تعمیر کے باعث شدید ہوا کا دباؤ برداشت نہ کر سکے اور بعض مقامات پر زمین بوس ہو گئے۔
شہریوں نے منصوبے کی معیار اور نگرانی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر معمولی طوفان میں ہی یہ ڈھانچے تباہ ہو جائیں تو یہ عوامی سہولت کم اور قومی وسائل کا ضیاع زیادہ ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ منصوبے کی منظوری، تعمیر اور نگرانی کے عمل میں مبینہ بدعنوانی اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کے پہلوؤں کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں اور مبینہ طور پر غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوامی پیسے کے ضیاع کو روکا جا سکے۔


