39

فریضہ حج کی ادائیگی سے انسان کی تطہیر ہو جاتی ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”رکن خامس کانفرنس“کاانعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سےخطاب کرتےہوئےتحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی سے انسان کی تطہیر ہو جاتی ہے۔ حج گناہوں سے چھٹکارے اوررزق میں اضافے کا باعث ہے۔ حج انسانی روح کی تشنگی کو دور کرتا ہے۔ حج بیت اللہ اور کعبہ کا طواف اُمت مسلمہ کے زندہ اُمت ہونےکاشعار،نظم وضبط اورصبر کی ٹرینگ اور اخوت اسلامی کی بہار ہے۔ حرمین شریفین پہنچ کر عاشقان رسولﷺ اپنے آپ کو رسول اللہﷺ کی ظاہری حیات کے زمانہ کے بہت قریب سمجھتے ہیں۔ حج غلبہ اسلام کیلئے عہدو پیمان بھی ہے۔حجاج کرام مخصوص وردی میں مخصوص اوقات میں کعبۃاللہ کے سامنے اور مخصوص میدانوں میں اللہ کی زمین پر رسول اللہ ﷺ کے لائے ہوئے نظام کے زیر سایہ زندگی گزارنے کاحلف اٹھا کرسامراج اور طاغوت کو ٹھکراتے ہیں۔ حج کا اجتماع اسلام دشمن قوتوں کو سالانہ لگنے والی وہ ضرب ہے کہ جس کا دشمنان اسلام کےپاس دوردورتک کوئی جواب نہیں۔نہ تو ان کے پاس کوئی کعبہ ہے نہ عرفات،منیٰ،مزدلفہ جیسے مشاعر اور نہ ہی وہ افرادی قوت کہ کبھی وہ ساٹھ ستر لاکھ افراد کا سالانہ اجتماع کر سکیں۔حج ہر رنگ و نسل کے انسانی پھولوں کی اسلامی خوشبوؤں کی سالانہ نمائش ہے۔ عشرہء ذوالحج کے ایک دن کا روزہ سال بھر کے روزوں کے برابر ہے۔ شرق و غرب سے آئے ہوئے توحید و رسالت کے متوالے لبیک اللھم لبیک کی صداؤں سے فضاؤں کو معطر کر دیتے ہیں۔ سر زمین حجاز آج بھی انوار خدا تعالی اور آثار مصطفیﷺ کی وجہ سے ساری کائنات سے منفرد ہے۔ غلامی رسولﷺ کا مقدس پٹہ گلے میں ڈالنے والے توحید و رسالت کی بار بار گواہی دے کراسلام کی جامعیت اور عقیدہء ختم نبوت ﷺ کا اظہار کرتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا بھر کے سکالرز قرآن و سنت کے ماہرین اور اُمت مسلمہ کے قائدین کی آراء سے استفادہ کیا جائے۔ عازمین حج کی تیاری،روانگی،حرمین شریفین کے مسافروں سے دعاؤں کی درخواستیں ماحول میں عجیب و غریب کیفیات پیدا کر دیتی ہے۔ کانفرنس میں علامہ محمد ادریس جلالی، علامہ محمد فرید احمد ساسولی، علامہ محمد ساجد اقبال جلالی، علامہ محمد زین العابدین جلالی، میاں محمد الیاس جلالی، حاجی محمد بوٹا صدیقی، محمد منیر قادری، محمد شکیل قادری، شیخ محمد افضل جلالی و دیگر نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں