سیالکوٹ(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول منڈیکے گورائیہ، ڈسکہ میں 16 کمپیوٹرز پر مشتمل جدید کمپیوٹر ٹیک لیب کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں سابق ضلعی وائس چیئرمین چوہدری جمیل اشرف اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری جمیل اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات جدید تعلیم کے فروغ کے لیے نئے کورسز متعارف کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیک لیب میں طلبہ کو اے آئی، روبوٹکس، سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کے عملی کورسز کروائے جائیں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر نے کہا کہ پنجاب حکومت بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم، خصوصاً آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔


