ایف آئی اے کرائم سرکل کا اہم اقدام، پولیس تشدد کی شکایات کے اندراج کا اعلان

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کے کرائم سرکل حیدرآباد نے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پولیس تشدد سے متعلق شکایات کے اندراج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ پریوینشن اینڈ پنشمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت پولیس حراست کے دوران تشدد اور دورانِ حراست اموات سے متعلق شکایات کی تحقیقات کا اختیار ایف آئی اے کو حاصل ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شہری کو پولیس حراست کے دوران جسمانی یا ذہنی تشدد کا سامنا ہوا ہو یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی زیادتی کی گئی ہو تو متاثرہ افراد یا ان کے اہل خانہ اپنی شکایات ایف آئی اے میں درج کرا سکتے ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام شکایات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی۔ایف آئی اے کرائم سرکل حیدرآباد کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے نام ارسال کریں۔ شکایات جمع کروانے کے لیے دفتر کا پتہ پلاٹ نمبر A-100، پاسپورٹ روڈ، سائٹ ایریا حیدرآباد دیا گیا ہے جبکہ مزید معلومات کے لیے فون نمبر 0229250005 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد انسانی حقوق کا تحفظ، قانون کی عملداری اور متاثرہ افراد کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے پولیس تشدد جیسے سنگین مسائل میں کمی آئے گی اور متاثرین کو بروقت انصاف مل سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں