کوہاٹ(ایچ آراین ڈبلیو) سکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے قریب ایک بہادر شہری نے اپنی جان قربان کر کے مقامی آبادی کو ممکنہ بڑے سانحے سے بچا لیا۔تفصیلات کے مطابق واقعہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے قریب پیش آیا، جہاں ایک مشتبہ شخص، جسے سکیورٹی ذرائع نے خارجی دہشت گرد قرار دیا ہے، کھیتوں کے راستے آگے بڑھ رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور سے تعلق رکھنے والے شہری لیاقت نے مشتبہ شخص کو روک کر اس کی شناخت پوچھی۔ شناخت کے سوال پر خودکش حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔دھماکے کے نتیجے میں شہری لیاقت موقع پر شہید ہو گئے جبکہ حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا مقصد حساس چیک پوسٹ تک پہنچ کر بڑا نقصان پہنچانا تھا۔
حکام کے مطابق لیاقت کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے علاقے کو بڑے جانی نقصان سے بچا لیا۔ شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


