نوشہرہ(ایچ آراین ڈبلیو)خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے میاں عیسیٰ میں اراضی کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔نوشہرہ پولیس کے مطابق واقعہ میاں عیسیٰ اور جلبئی کے دو گروپوں کے درمیان زمین کے تنازع پر پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر اکوڑہ خٹک اور چھوٹا لاہور سے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی ایس پی اکوڑہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ تین مبینہ اجرتی قاتلوں نے فائرنگ کرکے چار افراد کو قتل کیا، جس کے بعد مقامی افراد نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا تعاقب کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 مبینہ اجرتی قاتل ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ درختوں کی کٹائی اور زمین کے تنازع کے باعث پیش آیا، تاہم معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل محرکات اور ملوث افراد کو سامنے لایا جا سکے۔


