عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)عارف والا کے نواحی علاقے دلوں والی نہر، کھولو والا پل کے قریب سے تقریباً 55 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے،جس کےماتھے پر گہرے زخم کے نشانات پائے گئے ہیں۔ متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور نہر میں تیرتی لاش کو پیشہ ورانہ انداز میں باہر نکال لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی کے جسم پر ظاہری طور پر تشدد کے شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش پنجاب پولیس کے حوالے کر دی، جہاں چوکی 50/ای بی کے اے ایس آئی محمد شمس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق متوفی کی شناخت کے لیے قریبی علاقوں میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ واقعے کے تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں۔


