خیبر گرلز میڈیکل کالج کی طالبہ نے 17 گولڈ میڈلز جیت کر ریکارڈ قائم کر دیا

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)پشاور میں واقع خیبر گرلز میڈیکل کالج کی ہونہار طالبات نے شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد گولڈ میڈلز اپنے نام کر لیے۔
کالج کی طالبہ قندیل مرتضیٰ نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 17 گولڈ میڈلز حاصل کر کے ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس موقع پر جب ان کا نام پکارا گیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے انہیں میڈلز پہنائے جبکہ ان کے والد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق قندیل مرتضیٰ کا تعلق ہری پور سے ہے اور ان کے والد ٹیلر ماسٹر ہیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر میں دیگر بچے بھی مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں، جن میں ایک بیٹی گریڈ 17 کی آفیسر، ایک پی ایچ ڈی اسکالر، اور ایک انجینئر شامل ہے۔
اسی تقریب میں دیگر طالبات نے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جن میں مقدس نے 10 گولڈ میڈلز جبکہ سبین نے 7 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق یہ کامیابیاں طالبات کی محنت، لگن اور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہیں اور دیگر طلبہ و طالبات کے لیے ایک مثبت مثال ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں