لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وحدت کالونی پولیس نے اغواء کے مقدمہ میں مطلوب لڑکی کو 24 گھنٹوں کے اندر بازیاب کر کے والد کے حوالے کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق لڑکی اپنی سہیلی کے ساتھ چھوٹی بہن کو کالج سے لینے گئی تھی، تاہم واپس گھر نہ پہنچنے پر والد وسیم عباس کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر لڑکی کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے انسانی ذرائع اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر لڑکی کو جوہر ٹاؤن سے برآمد کر لیا۔
سدرہ خان ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق لڑکی کو بحفاظت اس کے والد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی میں ایس ایچ او وحدت کالونی انسپکٹر اختر اور پولیس ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔
لڑکی کے والد وسیم عباس نے بیٹی کی بحفاظت بازیابی پر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں کیں۔
ایس پی اقبال ٹاؤن نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے فوری اور مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔


