27

ڈسٹرکٹ جیل کےاہلکارسےکوارٹرچھین کرتنخواہ بند کرنے کا الزام

نواب شاہ(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ جیل کے ایک اہلکار نے اعلیٰ افسران کے مبینہ ناروا سلوک اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اربابِ اختیار سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ڈسٹرکٹ جیل نواب شاہ میں تعینات پولیس کانسٹیبل عامر علی بروہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ 14 برس سے فرائض انجام دے رہا ہے، تاہم حال ہی میں اسے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے حیدرآباد تبادلہ کر دیا گیا اور اس کی تنخواہ بھی بند کر دی گئی ہے۔ اہلکار کے مطابق تنخواہ بند ہونے کے باعث اس کے بچے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

عامربروہی کاکہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ غیر حاضری کے بعد جب وہ واپس ڈیوٹی پر آیا تو اس نے ایس پی جیل غلام رسول مشوری سے درخواست کی کہ اسےمزید دو ماہ کے لیے الاٹ شدہ فیملی کوارٹر میں رہنے دیا جائے، مگر اس کی درخواست پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ متاثرہ اہلکار کے مطابق اس کی غیر موجودگی میں مبینہ طور پر کوارٹر کا تالا توڑ کر سامان باہر پھینک دیا گیا، قیمتی اشیاء غائب ہو گئیں اور کوارٹر کسی اور شخص کو الاٹ کر دیا گیا۔

اہلکار نے پریس کلب کے باہر فریاد کرتے ہوئے فریال تالپور، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، آئی جی اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، اس کا تبادلہ منسوخ کر کے رکی ہوئی تنخواہ بحال کی جائے اور فیملی کوارٹر واپس دلایا جائے۔متاثرہ اہلکار کا کہنا تھا کہ اگر اسے انصاف نہ ملا تو اس کے اہلِ خانہ شدید مشکلات کا شکار رہیں گے، اس لیے اعلیٰ حکام فوری مداخلت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں