حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر آج ڈی ایس پی کینٹ پارس بکھرانی نے سول اسپتال حیدرآباد میں چیک پوسٹ پببن کی حدود میں زیادتی کا شکار ہونے والی 9 سالہ بچی اقراء دختر محمد جمن تھیبو کی عیادت کی۔ اس موقع پر انچارج سی پی پببن انسپکٹر خالد ڈاہری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی ایس پی کینٹ نے متاثرہ بچی کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں ایس ایس پی حیدرآباد کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے اس قبیح جرم میں ملوث ملزم محمد ایوب کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے واضح کیا ہے کہ ایسے سنگین اور انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔


