عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)نواحی گاؤں 133 ای بی میں ایک انتہائی افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں گھر داماد نے محض چھ لاکھ روپے کی خاطر اپنی ہی ساس کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اکرام نے اپنی ساس بشریٰ بی بی سے چھ لاکھ روپے کا تقاضا کیا تھا۔ بشریٰ بی بی نے چند ماہ قبل چھ لاکھ روپے کی بھینس فروخت کی تھی، تاہم رقم دینے سے انکار پر اکرام نے گھناؤنا قدم اٹھاتے ہوئے انہیں قتل کر دیا۔ ملزم نے لاش کے ٹکڑے کر کے صندوق میں ڈالے اور کھیتوں میں دفن کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد اکرام نے ساس کی گمشدگی کا ڈرامہ رچایا، جس پر بشریٰ بی بی کے اغواء کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ تاہم شک گزرنے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تو تفتیش کے دوران اس نے سچ اگل دیا اور قتل کے ساتھ ساتھ چھ لاکھ روپے چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر لاش برآمد کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے کے روز ملزم کی بیوی کھیتوں میں کام کرنے گئی ہوئی تھی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔


