حیدرآباد: CAFCOT صنعتی زون میں پانی کی بندش اور سہولیات کی تباہی پر زبیر گھانگھرا کی شدید تشویش

حیدرآباد( ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری، زبیر گھانگھرا نے CAFCOT صنعتی علاقے میں پانی کی مسلسل بندش، بنیادی سہولیات کی تباہ حالی، اور متعلقہ اداروں کی سنگین غفلت اور مسلسل لاپرواہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے صنعتی مستقبل کو دانستہ طور پر سنگین خطرات سے دوچار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ CAFCOT صنعتی زون، جہاں تقریباً 25 صنعتی یونٹس اور سینکڑوں مزدور وابستہ ہیں، کئی عرصے سے پانی کی مکمل عدم فراہمی کے باعث بدترین بحران کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر، پیداواری عمل مفلوج، اور کاروباری اعتماد تباہ ہو رہا ہے۔

زبیر گھانگھرا نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق فتح چوک کے مقام پر CAFCOT ایریا کو فراہم کی جانے والی پانی کی مرکزی لائن بند یا معطل ہے، جس کے باعث پورا صنعتی علاقہ پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی مسلسل بندش نہ صرف صنعتکاروں کے لیے معاشی تباہی کا باعث بن رہی ہے بلکہ وہاں کام کرنے والے مزدوروں کی زندگیوں، صحت، اور روزگار کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انڈس انک لائن میں قائم مرکزی واٹر اسٹوریج ٹینک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے، اس کی چھت منہدم ہو چکی ہے، صفائی و دیکھ بھال کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، جبکہ کچرے، گندگی، تعفن، اور آلودگی نے اس پورے نظام کو انسانی استعمال کے لیے خطرناک بنا دیا ہے۔ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ پانی کے ذخائر تک آوارہ اور جنگلی جانوروں کی رسائی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جس سے پانی آلودہ ہو رہا ہے اور مزدور طبقہ مختلف بیماریوں کے خطرات سے دوچار ہے۔

چیئرمین زبیر گھانگھرا نے کہا کہ صنعتی علاقوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا درحقیقت ملکی معیشت، سرمایہ کاری، روزگار، اور برآمدات کے خلاف اقدام ہے۔ اگر صنعتوں کو پانی، صفائی، اور محفوظ انفراسٹرکچر جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہ ہوں تو صنعتی ترقی کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں۔زبیر گھانگھرا نے منیجنگ ڈائریکٹر سائٹ لمیٹڈ، سیکریٹری انڈسٹریز سندھ، چیف انجینئر سائٹ، اور دیگر متعلقہ حکام کو خط لکھ کر پرزور مطالبہ کیا کہ CAFCOT صنعتی علاقے میں فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال کی جائے، تباہ حال واٹر ٹینک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے، صفائی و ستھرائی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے، اور پانی کے ذخائر کو آلودگی اور جانوروں کی رسائی سے محفوظ بنانے کے لیے مستقل اقدامات کیے جائیں۔

چیئرمین زبیر گھانگھرا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری شہر کی صنعتی بقا، سرمایہ کاروں کے اعتماد، اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی، کیونکہ صنعتوں کا استحکام ہی ملکی معیشت کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں