کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کےاینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے بلوچستان میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران افغان باشندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر ویسٹرن بائی پاس پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ملزم ثناء اللہ کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم انسانی اسمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک کا حصہ تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد کیے گئے، جن کی ابتدائی جانچ پڑتال میں واٹس ایپ کے ذریعے دیگر انسانی اسمگلرز سے روابط کا انکشاف ہوا۔ موبائل فونز میں موجود چیٹس، تصاویر اور دیگر ریکارڈز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم افغان مہاجرین کی غیر قانونی منتقلی میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملوث تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے روابط حسین علی مبریز نامی شخص سے بھی سامنے آئے ہیں، جو مبینہ طور پر افغان باشندوں کی رضاکارانہ واپسی کے دوران نادرا کے عمل کو بائی پاس کرنے میں سہولت فراہم کرتا تھا۔ مزید یہ کہ ملزم کے افغانستان کے علاقے اسپن بولدک میں موجود انسانی اسمگلرز سے بھی براہ راست رابطے پائے گئے ہیں۔
انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی ایف آئی اے نے تحویل میں لے لی ہے۔ ملزم اس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہے جبکہ نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایف آئی اے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


