اوکاڑہ(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ سرکی محلہ میں دن دیہاڑے طالبہ کے ساتھ نازیبا حرکات کے واقعے کی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کی اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی ہے جو ڈیرہ عثمان خان اوکاڑہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ گرفتاری کے دوران ملزم نے سی سی ڈی ٹیم کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم کورٹ باری کے قریب اس کی موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، جس کے باعث اس کا ہاتھ اور بازو ٹوٹ گیا۔
سی سی ڈی ٹیم نے ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ بی ڈویژن میں نازیبا حرکات کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچیوں کا تحفظ فورس کی اولین ترجیح ہے، اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


