کھادوں کے نئے مقررہ نرخ نافذ، سخت نگرانی اور کارروائی کا اعلان

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع پاکپتن میں کھادوں (فرٹیلائزرز) کے نئے مقررہ نرخ فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) و ڈپٹی کنٹرولر فرٹیلائزرز ریاض احمد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف کمپنیوں کی کھادوں کی زیادہ سے زیادہ قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں، جن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے واضح کیا ہے کہ حکومت پنجاب کسان دوست پالیسی کے تحت کھادوں کی دستیابی اور قیمتوں پر مؤثر کنٹرول برقرار رکھ رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنا اور زائد قیمت وصول کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ فیلڈ میں فعال رہیں، کھاد ڈیلرز کی سخت نگرانی کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کریں۔مزید ہدایات کے مطابق تمام ڈیلرز، سب ڈیلرز اور ریٹیلرز کو مقررہ نرخوں کی پابندی، ہر فروخت پر رسید جاری کرنے اور دکان پر ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ جعلی، ملاوٹی یا کم وزن کھاد کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسانوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں