مویشی منڈی میں فی جانور 2000 روپے مبینہ غیر قانونی وصولی، بیوپاریوں کا احتجاج

بھکر(ایچ آراین ڈبلیو)بھکر کی مویشی منڈی میں ٹھیکیدار کی جانب سے فی جانور 2000 روپے مبینہ طور پر وصول کیے جانے کے خلاف کسانوں اور بیوپاریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر مویشی منڈی کی فیس چند سو روپے مقرر ہے، تاہم ٹھیکیدار کے کارندے مبینہ طور پر زبردستی فی بڑا جانور 2000 روپے وصول کر رہے ہیں۔

بیوپاریوں کے مطابق رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں جانوروں کو منڈی میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا اور اس دوران مبینہ طور پر بدتمیزی اور دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔

کسان رہنماؤں نے اس اقدام کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی، چارے اور ادویات کی بڑھتی قیمتوں نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے، جبکہ اس اضافی بوجھ سے چھوٹے کسان شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس مبینہ بھتہ خوری کے باعث نہ صرف کسان متاثر ہو رہے ہیں بلکہ گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بھکر، اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ لائیو اسٹاک کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور منڈی کے گیٹ پر سرکاری نرخنامہ واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں