کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بحکم افسران بالا اور ڈی ایس پی ٹریفک پاک کالونی ویسٹ کی نگرانی میں مین شاہراہ اورنگی پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے رکشوں کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 04 مقدمات زیر دفعہ 188 درج کیے گئے، جبکہ مختلف تھانوں کی سطح پر مزید قانونی کارروائیاں بھی عمل میں آئیں۔
ایس او منگھوپیر کے مطابق ایک ایف آئی آر میں 02 رکشے تحویل میں لیے گئے جبکہ تھانہ پاکستان بازار میں بھی کارروائی کی گئی۔
اسی طرح ایس او پیرآباد کے مطابق ایک ایف آئی آر میں 02 رکشے ضبط کیے گئے جبکہ تھانہ پاپوش نگر میں ایک مقدمے کے تحت مزید رکشے تحویل میں لیے گئے۔
ایس او اورنگی ٹاؤن کے مطابق ایک مقدمے میں 04 جبکہ دوسرے مقدمے میں 06 رکشے قبضے میں لیے گئے۔
پولیس کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 14 رکشہ ڈرائیوروں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 14 رکشے بند کر کے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔


