حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی پی) طارق رزاق خان دھاریجو حیدرآباد رینج نے 21 اپریل 2026 سے ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ (حصہ اول و دوم) سالانہ امتحانات کے پُرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یہ امتحانات حیدرآباد رینج کے تمام اضلاع، جن میں حیدرآباد، دادو، مٹیاری، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار اور سجاول شامل ہیں، میں منعقد ہوں گے۔
ڈی آئی جی پی نے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ امتحانی مراکز پر تعینات پولیس نفری کو انتہائی مستعد اور چوکس رکھا جائے اور کسی بھی غیر مجاز فرد کے داخلے کو ہر صورت روکا جائے۔
انتظامات کے تحت امتحانی مراکز کے اندر اور اطراف جامع نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے جبکہ خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
حساس اور انتہائی حساس امتحانی مراکز پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ فوری ردعمل دستے (QRF) اور ریزرو فورس کو بھی ہمہ وقت تیار رکھا گیا ہے۔
نقل مافیا، پرچہ افشا اور امتحانات کے دوران موبائل فون کے غیر قانونی استعمال کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی گئی ہے۔
مزید برآں امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے تحت غیر ضروری اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی پی طارق رزاق خان دھاریجو نے کہا کہ طلبہ قوم کا مستقبل ہیں اور امتحانات کے شفاف و پُرامن انعقاد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالبات کے امتحانی مراکز پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
تمام اضلاع میں رابطہ افسران تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ مرکزی کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا جہاں سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی پی نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ امتحانات پُرامن ماحول میں مکمل ہو سکیں۔


