بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں وکیل مہران اعجاز انور پر مبینہ قاتلانہ حملہ، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ روات کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں معروف وکیل مہران اعجاز انور پر مبینہ قاتلانہ حملے کا واقعہ پیش آیا ہے، جسے انتہائی تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مہران اعجاز انور ایڈووکیٹ اپنے ملازم عادل شہزاد کے ہمراہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ گورکھ پور کی جانب سے بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے داخلی راستے پر سیاہ لباس میں ملبوس چار مسلح افراد نے ان کی گاڑی روکنے کی کوشش کی۔

گاڑی نہ روکنے پر ملزمان نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم خوش قسمتی سے وکیل مہران اعجاز انور اس حملے میں محفوظ رہے۔

درخواست کے مطابق واقعے کے دوران ملازم عادل شہزاد نے بھی دفاع میں فائرنگ کی، جس کے بعد ملزمان کے زخمی ہونے اور فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس نے مدعی عادل شہزاد کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

واقعے کی تصاویر میں گاڑی کی ونڈ اسکرین پر گولیوں کے واضح نشانات دیکھے جا سکتے ہیں، جو حملے کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں