داتا دربار پولیس کا احسن اقدام، کے پی کے سے آئے شہری کی بروقت مدد

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)داتا دربار پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سے آئے شہری ایوب کی جان بچا کر اس کی نقد رقم اور موبائل فون محفوظ حالت میں واپس کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہری ایوب الیکٹرک موٹر سائیکل کا سامان خریدنے کے لیے مارکیٹ آیا تھا، تاہم داتا دربار کے علاقے میں اچانک اس کی طبیعت ناساز ہو گئی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شہری کی فوری مدد کی اور اس کے پاس موجود 2 لاکھ 10 ہزار روپے نقد رقم اور موبائل فون اپنی تحویل میں لے لیے تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں۔

بعد ازاں شہری کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شہری نے بیان دیا کہ اسے کسی نامعلوم شخص کی جانب سے جوس پلایا گیا جس کے بعد اس کی طبیعت خراب ہوئی۔

طبیعت بہتر ہونے اور ہوش میں آنے پر پولیس نے معززین کی موجودگی میں شہری کی نقد رقم اور موبائل فون اسے واپس کر دیا۔

سب انسپکٹر انتظار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہری کی مدد کو یقینی بنایا۔

ایس پی سٹی بلال احمد نے ایس ایچ او داتا دربار نجم عباسی اور ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں