لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے 15 کی کال پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے ایک گھر سے طلائی زیورات اور نقد رقم چوری کرنے والی گھریلو ملازمہ کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا۔
اے ایس پی شاہدرہ شاہزیب کے مطابق پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد حاصل کی گئی۔پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے دو تولے طلائی زیورات اور ایک لاکھ چالیس ہزار روپے نقدی بھی برآمد کرلی۔
اے ایس پی کے مطابق ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایس پی سٹی بلال احمد نے بروقت کارروائی اور ملزمہ کی گرفتاری پر شاہدرہ ٹاؤن پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پر قابو پانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔


