اسلام آبادایچ آراین ڈبلیو)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ اسکواڈ میں 4 نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق اسکواڈ میں شامل 5 کھلاڑی لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں۔ قومی ٹیم 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کرے گی جبکہ پی ایس ایل میں شریک کھلاڑی اپنی ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے۔
ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم مئی کو مکمل ہوگا اور قومی اسکواڈ 2 مئی کو بنگلادیش کے لیے روانہ ہوگا۔
اس دورے کے لیے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسد شفیق بیٹنگ کوچ اور عمر گل بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی:
شان مسعود (کپتان)، عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی۔
پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی سے شیر بنگلا اسٹیڈیم ڈھاکہ میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔


