سکھر میں خواتین کے لیے فری پنک اسکوٹیز کی تقسیم کا آغاز

سکھر(ایچ آراین ڈبلیو) کراچی کے بعد حکومتِ سندھ کی جانب سے سکھر میں بھی خواتین کے لیے فری پنک اسکوٹیز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام رائل پیلس میرج ہال سکھر میں کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، خواتین اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں جن میں ایم این اے سید خورشید احمد شاہ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ، ایم این اے ڈاکٹر شازیہ صوبیہ سومرو، اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ، ایم پی اے مکیش چاولہ، ایم پی اے شرجیل انعام میمن، ایم پی اے سید ناصر حسین شاہ، ایم پی اے سید فرخ احمد شاہ، ڈسٹرکٹ چیئرمین سید کمی حیدر شاہ اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران، خواتین ونگ اور ذیلی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنک اسکوٹی اسکیم پارٹی منشور کی روشنی میں خواتین کو آزادی، خودمختاری اور اعتماد فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق یہ سفر جاری رہے گا۔ پہلے مرحلے میں خوش نصیب خواتین کو مکمل اسکروٹنی کے بعد پنک اسکوٹیز فراہم کی گئی ہیں، جبکہ بہت جلد دوسرے مرحلے میں بھی سکھر کی مزید خواتین اور طالبات کو اس سہولت سے مستفید کیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے حکومتِ سندھ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے خواتین کی نقل و حرکت آسان ہوگی اور وہ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور سماجی سرگرمیوں میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں