کہروڑپکا(ایچ آراین ڈبلیو)ایک بیوٹی سیلون میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں گھر سے تیار ہونے کے لیے آنے والی 20 سالہ دلہن پر ایک شخص نے اچانک حملہ کر دیا۔ ملزم نے دلہن کا گلا کاٹ دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق واردات کے بعد ملزم نے خود بھی اپنا گلا کاٹ لیا۔ شدید زخمی حالت میں ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شادی کی خوشیاں لمحوں میں ماتم میں بدل گئیں۔ اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم دلہن کے ماموں کا بیٹا تھا اور وہ خود دلہن سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


