حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)طارق رزاق خان دھاریجو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کا دارومدار صنعتی پہیے کی بلا تعطل روانی پر ہے اور تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بات آج شہباز ہال میں حیدرآباد، کوٹری اور نوری آباد کے چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران، تاجروں اور صنعت کاروں سے اجلاس کے دوران کہی۔
اجلاس میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہ زیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو، ایس ایس پی دادو کیپٹن (ر) صدام حسین خاصخیلی سمیت مختلف چیمبرز اور صنعتی ایسوسی ایشنز کے صدور، نائب صدور اور نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے تاجروں کے مسائل اور تجاویز کو بغور سنا اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ ایس ایس پیز کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ رینج میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بلا خوف و خطر جاری رہ سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اور تاجر برادری کے درمیان قریبی روابط، باہمی تعاون اور اعتماد وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ پولیس ہر سطح پر تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں موجود تاجر اور صنعتکار برادری نے امن و امان کے قیام اور سازگار کاروباری فضا کی فراہمی پر ڈی آئی جی حیدرآباد رینج کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ بہترین حکمتِ عملی اور بروقت اقدامات سے تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے اور پولیس و کاروباری طبقے کے درمیان مثالی ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے۔ تاجروں نے جرائم کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے ضلعی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔


