لودھراں(ایچ آراین ڈبلیو) جنوبی پنجاب کے ضلع لودھراں کی تحصیل دنیاپور سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ نوجوان افسر راؤ طلحہ جاوید نے پاکستان کے کم عمر ترین اسسٹنٹ کمشنر ہونے کا اعزاز حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے خطے کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راؤ طلحہ جاوید کا تعلق دنیاپور سے ہے، جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم دنیاپور پبلک اسکول سے حاصل کی۔ انہوں نے 2015 میں میٹرک میں نمایاں کارکردگی دکھائی، 2017 میں ایف ایس سی مکمل کی اور 2021 میں سول انجینئرنگ میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔
راؤ طلحہ جاوید نے 2022 میں پہلی ہی کوشش میں سی ایس ایس کا امتحان کامیابی سے پاس کیا اور 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شامل ہوئے۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر (ان لینڈ ریونیو) کے عہدے کی تیاری کی اور 2025 میں باضابطہ طور پر اس اہم منصب پر فائز ہو گئے۔
ان کی اس شاندار کامیابی کو دنیاپور اور لودھراں کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے کم عمری میں بھی بڑے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔


