بھکر میں تیل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، ایم ایم روڈ بند، ٹریفک معطل

بھکر(ایچ آراین ڈبلیو) بھکر میں ایم ایم روڈ پر تیل سے بھرا ایک آئل ٹینکر الٹنے کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی، جس کے بعد سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولنگ پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر سے زائد پیٹرول موجود تھا، جس کے باعث کسی بڑے حادثے کے خدشے کے پیش نظر علاقے کو مکمل طور پر کارڈن آف کر دیا گیا ہے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پنجاب پولیس اور پیٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ صورتحال کی نگرانی کے لیے سینئر افسران بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات فوری طور پر شروع کر دیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ آتشزدگی یا بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ حادثے کے باعث کراچی تا پشاور مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے اور گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک کو کلیئر کرنے اور صورتحال معمول پر آنے تک ٹریفک معطل رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں