غیرت کے نام پرخاوند نے بھائی کےساتھ مل کربیوی پرتشدد کیا، سر کے بال مونڈ دیے

عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)نواحی گاؤں 137 ای بی میں غیرت کے نام پر انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں خاوند نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اپنی بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے سر کے تمام بال مونڈ کر سرِعام ذلیل کیا۔

افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او پاکپتن نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی، جس پر تھانہ احمد یار پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ خاتون کو تحفظ فراہم کیا اور ملزمان کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق تشدد میں ملوث ملزمان محمد عمران اور محمد قربان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔

پولیس نے واضح کیا ہے کہ خواتین پر تشدد اور غیرت کے نام پر جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں